اسلام آباد، لزبن(نیٹ نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے مٹھائی کی دکان میں رس ملائی لینے کیلئے قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کیا۔ صدر علوی کے بیٹے عواب علوی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ صدر مملکت چند روز قبل مٹھائی کی دکان پر گئے اور بے دھیانی میں کاؤنٹر پر چلے گئے جس پر انہیں لائن میں لگنے کو کہا گیا اور سماجی فاصلے کی پابندی کے باعث انہوں نے آدھا گھنٹہ لائن میں کھڑے ہو کر انتظار کیا۔عواب علوی نے ٹوئٹر پر سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی۔دوسری جانب پرتگالی صدر مارسیلو ڈی سلوا نے سیاحتی قصبے کی سپرمارکیٹ میں قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کیا۔صدر ماریسلو دو میٹر فاصلہ رکھ کر کھڑے ہوئے اور 20 منٹ تک اپنی باری کا انتظار کیا۔ عوام نے صدر کو اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار بھی کیا۔ سوشل میڈیا پر دونوں ملکوں کے صدور کی جانب سے سماجی فاصلے کی پابندی اور قطار میں کھڑے ہونے کو سراہا اور ذمہ داری کی مثال قائم کرنے پر خوب تعریف کی گئی۔