تھرپارکر، شیخوپورہ ، لاہور ، سانگھڑ، جھڈو، نو کوٹ (نمائندہ 92نیوز ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، نامہ نگاران) بارش والا سسٹم ’’انوپام‘‘ ملک میں داخل ہوگیا، سندھ کے کئی علاقوں میں بارش جاری ، آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تھر کے مختلف دیہات میں تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 6 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ، 61 مویشی بھی ہلاک ہوئے ، سب سے زیادہ نقصان ڈابھی، ڈاہلی اور موکیار نامی دیہات میں ہوا ہے ، جہاں 8 افراد جاں بحق ،61 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔آسمانی بجلی کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہانے والوں میں 6 خواتین شامل ہیں ، تھر پارکر میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ کندھ کوٹ کے علاقے تنگوانی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ سانگھڑ کے علاقے اچھڑوتھر دو واقعات میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جان سے گئے ۔ تھرپارکر میں 24 گھنٹوں کی مسلسل بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے ، کسانوں کی لاکھوں روپے کی کھڑی فصلیں اور کھیتوں میں رکھا اناج بارش میں خراب ہوگیا، تھر میں پہلے ٹڈی دل اور اب بارش نے بھاری نقصان کیا اور دوبارہ قحط سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔جھڈو میں کئی آسمانی بجلی سے کئی ٹرانسفارمر ٹرپ کر گئے اور 6 گھنٹے بجلی معطل رہی، لاہور ، شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی، موسم خوشگوار اور سردی میں اضافہ ہوگیا، کاروبار زندگی متاثر ہوا، دوسری طرف خشک میوہ جات اور مچھلی فروشوں نے مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، سردی کی اشیا کی دکانوں پر رش بڑھ گیا۔ شیخوپورہ میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج جمعہ کو موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کردی، آج اور کل شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج جمعہ کے روزبالائی خیبرپختونخوا میں اکثرمقامات پر ، پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان ، سندھ ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔لاہور میں سموگ کی شدت کو ایک مرتبہ پھر بارش نے کم کردیا۔