اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرموں کو بری کرنا قانون وانصاف کا مذاق ہے ۔انہوںنے مختلف ممالک کے سفراء کو بریفنگ میںکہا مجرموں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا پھر بھی انہیںرہا کیا گیاجو افسوسناک ہے ، تمام لوگ بھارت پرزوردیں کہ دہشتگردوں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ،بھارتی پالیسیاں علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہیں،بھارت کی طرف سے فیصلے میں تاخیرکی گئی پھر ملزمان کوبری کر دیاگیا ،فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ بھارت مجرموں کوکیسے تحفظ دیتاہے ، پاکستان کے بارہاشفاف ٹرائل کے مطالبے کے باوجود مجرموں کوبری کیاگیا ،مرکزی مجرم خود سب کے سامنے اس گھناؤنے سانحہ کی ذمہ داری قبول کرچکا۔ آن لائن کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی مسلمان دشمنی کسی طورچھپی ہوئی نہیں۔بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ اور سپیشل سیکرٹری امتیاز احمد بھی موجود تھے ۔