لاہور (خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے سمگلنگ کے خاتمے کے لیے سرحدوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کا عمل فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو تختہ مشق بنانے کے بجائے سمگلنگ کی بنیادی وجوہات دور کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ فورا حل کرنا ضروری ہے کیونکہ اس کی وجہ سے مقامی صنعتوں اور قومی خزانے دونوں کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے ، سمگلنگ معیشت کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے اور کوئی شعبہ بھی ایسا نہیں جو اس کے مضر اثرات سے محفوظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ ہماری معاشی نشوونما کے لیے بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے ، افغانستان، ایران، چین اور بھارت سے سمگل شدہ اشیاء ایک سیلاب کی طرح آرہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا بھی بہت غلط استعمال ہورہا ہے ۔