اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،اے پی پی)الیکشن کمیشن نے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے د وران سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے ،یکم تا 15ستمبر تک سمندرپار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جا ئیگی ۔سمندر پار پاکستانی نائیکوپ یا ایم آر پی ہولڈرز اپنے آپ کو بطور ووٹر رجسٹر کروا سکیں گے ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح کی زیر صدارت سمندر پار پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نادرا حکام اور الیکشن کمیشن حکام نے شرکت کی اور سمندر پار پاکستانیز کی ووٹنگ کیلئے بنائے گئے سافٹ ویئر آئی ووٹنگ پر بریفنگ دی گئی۔رجسٹر ہونے والے اوورسیز ووٹرز 37 حلقوں کے ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈال سکیں گے ۔ 30اگست کو نادرا آئی ووٹنگ سافٹ ویئر کا عملی مظاہرہ کر کے دکھائیگا۔وزارت خارجہ،نادرا ،سفارتخانے اوورسیز ووٹنگ کیلئے مہم چلائینگے ۔ادھر الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 37حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق تیار کرلیا۔ضمنی انتخاب کے دوران وزیراعظم،وزرائے اعلیٰ،سپیکراسمبلیز، چیئرمین سینیٹ کے دوروں پرپابندی لگائی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق وفاقی،صوبائی وزرائ،مشیر،سینیٹرز،ایم این ایز ایم پی ایز،بلدیاتی نمائندوں کی بھی متعلقہ حلقوں کے دوروں پر پابندی ہوگی جبکہ متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کے اعلانات ،ضمنی انتخاب والے حلقوں میں تقرر تبادلوں پر پابندی ہوگی ۔الیکشن کمیشن عید کے فوری بعد ضابطہ اخلاق جاری کریگا۔قومی اسمبلی کے 11اورصوبائی اسمبلیوں کے 16حلقوں میں ضمنی انتخاب 14 اکتوبر کوشیڈول ہے ۔ صدر مملکت اور قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا عمل 27 اگست سے شروع ہو گا۔ صدر کے انتخاب کیلئے امیدوار 27 اگست 12 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخاب کیلئے اسی روز کاغذات نامزدگی کا اجرا کیا جائے گا۔