اسلام آباد،پشاور (سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پارپاکستانیوں نے مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ کے دوران 24.2 ارب ڈالربھیج کر پچھلے مالی سال کا ریکارڈ توڑدیا،رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران ترسیلات زرکا حجم 24 ارب 20 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کو ہمیشہ سے ملک کا عظیم اثاثہ سمجھتے ہیں، اپریل میں ترسیلات زربڑھ کر 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں ، نئے پاکستان پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ وزیر اعظم سے وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کی۔وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پرصنعتوں کی ترقی، چھوٹے ،درمیانے کاروبار اور برآمدات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم آج پشاوراورمہمندکادورہ کرینگے ،ترجمان خیبرپختونخواحکومت کامران بنگش کے مطابق وزیراعظم مہمند ڈیم جائینگے ،واپڈاحکام وزیراعظم کومہمندڈیم سے متعلق بریفنگ دینگے ،وزیراعظم ریگی للمہ میں مزدوروں کیلئے بنائی گئی لیبرسٹی اورسکول کابھی افتتاح کرینگے ،فلیٹس آسان اقساط پرمزدوروں کوفراہم کئے جائینگے ۔