کراچی(سٹاف رپورٹر)کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کورٹ نے پاکستان ائیر فورس کے سامان کی آڑ میں الیکٹرونکس سامان سمگل کرنے کے الزام میں حلقہ این اے 254 عزیزآباد سے منتخب پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی محمد اسلم خان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا عدالت نے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔ عدالت نے محمد اسلم کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی۔ سماعت کے موقع پر جج نے ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 6 فروری 1997 کو پاکستان ائیر فورس کے پر سنل کیساتھ ملکر ایئر فورس سامان کی آڑ میں الیکٹرونکس سامان سمگل کیا۔ کسٹم کے مطابق ائیر فورس کے 1995ء سے 1997ء تک درجنوں کنسائنمنٹ کی آڑمیں محمد اسلم خان و دیگر نے 28.57 ملین روپے کی مس ڈیکلریشن کی تھی ،سمگلنگ ائیر فورس سامان ہونے کے باعث چیکنگ نہ ہونے پر ہوئی۔ 14 دسمبر 1998 کو کسٹم کورٹ نے اسلم سنگا پوری کی غیر موجودگی میں دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، ملزم کے مفرور ہونے کے باعث مقدمہ التوا کا شکار ہوگیا تھا۔