لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد ، ساہیوال، سرگودھا(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکو مت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کالی گھٹائوں اور طوفانی ہوائوں کے بعد موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ فیصل آباد اور سرگودھا میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔ کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوئی اور فیڈرز بھیٹرپ کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں طوفانی موسلادھار بارش ہوئی جس کے دوران 30 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش اسلام آباد 58، راولپنڈی 52، سرگودھا44، سیالکوٹ 43، نارووال 37، لاہور 32، منڈی بہائو الدین 31، فیصل آباد 30، جہلم 25، گوجرانوالہ، حافظ آباد 19، جوہر آباد 14، قصور 12، چکوال 9 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی جبکہ کئی مقامات پر آج بھی بارش کا امکان ہے ۔فیصل آباد کے محلہ مدینہ ٹا ؤن چک جھمرہ میں گھر کی خستہ حال چھت گر نے کے نتیجہ میں 37 سالہ نوید اور 58 سالہ خوشی محمد ملبے تلے دب گئے ، نوید چل بسا جبکہ خوشی محمد کی ہسپتال میں حالت تشویشناک ہے ۔ طوفان کے باعث میں ملویاں وا لا میں بجلی کے تار زمین بوس ہو گئے ،اسی دوران گلی سے گزر نے والی آ ٹھ سالہ طیبہ کا ہاتھ بجلی کی ان گری ہوئی تاروں کے ساتھ چھو گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔بچی کے ورثاء نے اسکی لاش کو 79 موڑ پر رکھتے ہو ئے شد ید احتجاج کیا ۔علاوہ ازیں طوفان بادوباراں کے باعث فیسکو کے 154 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔سرگودھا کے علاقہ پنڈی کوٹ کے علاقہ میں دیوار گرنے سے 60سالہ نذیراں بی بی جاں بحق ہوگئی، اسی طرح اکبر کالونی میں دیوار گرنے سے تین بچے عاقل ،ساجد اوعمارہ زخمی ہوگئے ۔ساہیوال، حافظ آباد، قصور، گوجرانوالہ، گجرات و دیگر مقامات پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔