کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کاروبار حصص اتارچڑھاوکے بعد مندی پر بند ہواتاہم اتارچڑھاؤ کے باوجود شدید مزاحمت کے باوجود 44100 پوائنٹس کی سطح مستحکم رہی۔جمعہ کوکراچی سٹاک ایکس چینج میں پرافٹ ٹیکنگ،منی بجٹ کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی طلبی سے متعلق بے چینی،آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طوالت اختیارکرجانے اوردیگر اہم معاملات کے سبب کاروباری صورتحال اتار چڑھاؤکے بعد مندی کا غلبہ رہا جس سے انڈیکس کی سطح ایک موقع پر 44200پوائنٹس سے گرگئی۔مندی کی وجہ سے حصص کی 55فیصد قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کو 23ارب 18کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 148.52پوائنٹس کی کمی سے 44118.39پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔دریں اثنائروپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔ جمعہ کو انٹر بینک میں 10پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید178.10روپے اور قیمت فروخت ر178.20روپے ہو گئی، اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر20پیسے مہنگا ہو گیا ۔علاوہ ازیں آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 450روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ26ہزا150روپے ہو گئی اسی طرح 386روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ8ہزار153روپے ہو گئی۔