کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے اختتامی روز جمعہ کوکاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا،کے ایس ای100انڈیکس45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 32ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈکیا گیا،کاروباری تیزی کی وجہ سے 59.35فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو انڈیکس45148.92پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا مگر کاروبار کے اختتام پرانڈیکس45ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔کاروباری تیز ی کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں 32ارب19کروڑ81لاکھ29ہزار669روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ77کھرب32ارب 48کروڑ96لاکھ98ہزار259روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو7ارب روپے مالیت کے 17کروڑ61لاکھ31ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ جمعہ کو مجموعی طور پر342کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 203کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،118میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثناء انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں مہنگا ہو گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر20پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید176.15روپے اور قیمت فروخت176.30روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر20پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید177.50روپے اور قیمت فروخت177.80روپے سے بڑھ کر178روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت50روپے کمی سے 1لاکھ25ہزار850اوردس گرام سونے کی قیمت43روپے کمی سے 1لاکھ7ہزار896 روپے رہی ۔