خرطوم،ریاض(این این آئی،نیٹ نیوز) سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فوج کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں مزید 7افراد ہلاک اور 140زخمی ہوگئے ہیں۔ عوام نے دارالحکومت خرطوم میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اہم شاہراہیں بلاک کردیں۔فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا کہ وزیر اعظم گرفتار نہیں بلکہ انکی رہائش گاہ پر موجود ہیں، ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کے لئے حکومت کا تختہ الٹا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج ملک تنہا نہیں چلا سکتی، سویلین نمائندوں کی بھی ضرورت ہوگی۔دوسری طرف فوجی بغاوت کے خلاف ڈاکٹروں اور سرکاری اہلکاروں نے عام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔ سعودی عرب نے سوڈان میں تحمل اور بردباری سے کام لینے اور کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ مملکت سوڈانی عوام کی سلامتی اور خوشحالی کی حمایت کرینگے۔