کراچی (سٹاف رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں لوڈشیڈنگ پرتشویش اور وفاقی حکومت کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔مراد علی شاہ کی عدم موجودگی میں حکومتی معاملات چلانے کے لئے بھی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی ۔ کابینہ ارکان کے ساتھ بیٹھک میں وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کووسائل کی عدم فراہمی اورغیرعلانیہ مالی ناکہ بندی کی مذمت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ساتھ اہم بیٹھک کی۔اجلاس میں 5 جولائی 1977ء کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کو ختم کرنے کی مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آمر جنرل ضیا کے مارشل لا نے ملک میں تاریخ، سیاست اور سماج پر بہت ہی بھیانک اثرات مرتب کئے اورقوم ان اثرات کو آج تک کسی نہ کسی شکل میں بھگت رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 5 جولائی کا دن آمریت کی مذمت کرنے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کا دن ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پارٹی قیادت نے وزراء کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام وزراء کو عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں رہنمائی کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کورونا شہر کراچی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی بڑھ رہا ہے ، اس کو کنٹرول کرنے کیلئے عوام کو مزید آگاہی دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ علماء اور مشائخ اپنے خطبوں میں عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کریں۔ اجلاس میں ملک خاص طور پر سندھ میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس شدید گرمی اور کورونا وائرس کی وجہ سے آئسولیشن کے ماحول میں وفاقی حکومت بجلی کی بندش (لوڈشیڈنگ) کو فوری ختم کرے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ کی فصلوں کو ٹڈی دل نے تباہ کردیا ہے ۔اجلاس میں وفاقی حکومت کی سرد مہری پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہوائی جہاز کے ذریعے سپرے کرایا جائے ۔ وزیربلدیات نے مون سون کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، واسا اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت ہدایت بھی دیدی۔ اجلاس میں آج کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے نیپا کراچی میں سندھ انفیکٹیئس ڈزیز ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر قائم کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔