تہران (نیٹ نیوز) ایران میں حملے میں مارنے جانے والے ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادے کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ایرانی سپیکر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمن ہماری بڑھتی طاقت سے خوفزدہ ہے اس کو سبق سکھائیں گے ،ایرانی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ فخری زادے کا قتل بین الاقوامی جرم ہے ، سلامتی کونسل تحقیقات کرائے ،تفصیلات کے مطابق محسن فخری زادے کا جلوس جنازہ مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے روضے پر پہنچا تو عوام نے والہانہ استقبال کیا ان کے جسد خاکی کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کے حرم کا طواف بھی کرایا جائیگا جس کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا ۔ایران کی سٹریٹجک کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سربراہ کمال خرازی نے ایک بیان میں کہا کہ محسن فخری زادے کے مجرموں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کن جواب دینے کا حق رکھتے ہیں،سعد اللہ زری نے ایک تحریر میں کہا کہ 'حملہ اس طرح کیا جانا چاہیے کہ بندرگارہ کو تباہ کرنے کے علاوہ اسرائیل کو بھاری انسانی جانوں کا بھی نقصان پہنچے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا ہے کہ ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ کی شہادت، ملک کی پیشرفت کا نیا دریچہ کھول دے گی اور پست و حقیر دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کی پشیمانی کا باعث بنے گی۔محمد قالیباف نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے ایک بار پھر ایک غیر انسانی ترین روش دہشتگردی کا ارتکاب کر کے ثابت کردیا کہ وہ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت سے خوف زدہ اور ہراساں ہیں اور انہوں نے ملت ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے سائنسدانوں کو راستے سے ہٹانے کا طریقہ اختیار کر رکھا ہے ۔