لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹوجج محمدبشیر نے نیب کی زیرحراست سندھ بینک کے تین اعلی افسران بلال شیخ، طارق احسن اور ندیم الطاف کو10روزہ جسمانی ریمانڈپرنیب کے حوالے کردیا۔عدالت نے جعلی اکاؤنٹس میں فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں شریک ملزم سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔گذشتہ روزسابق ایڈمنسٹریٹر کراچی حسین سید، متانت علی اور دیگر کے خلاف دائر ریفرنس پر سماعت کے دوران9 میں سے 7 ملزمان سمیع الدین،متانت علی، سیدظفرہاشمی،حسین سید، سیدجمیل احمداورعبدالرشید عدالت میں پیش ہوئے ، شریک ملزم نجم الزمان کو جیل سے عدالت لایاگیا،عدالت نے عبدالغنی مجید کی عدم حاضری پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت لاہور کے جج وسیم اختر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی، فواد حسن فواد پر 4 ارب 56 کروڑ 51 لاکھ 26 ہزار 904 روپے کی رقم غیر قانونی طور پر بنانے کا الزام ہے ۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج امیر محمد خان نے 8 ارب کی مبینہ کرپشن کے الزام میں ملوث ملزم سابق ڈی جی نیپرا سید انصاف احمد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید5روز توسیع کر دی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزم نے دانستہ بددیانتی کرکے نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ (IPP) سے ٹھیکہ جات میں بجلی نرخ انتہائی مہنگے داموں مقرر کئے ۔احتساب عدالت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں 60 ملین کی کرپشن کے کیس میں ملوث ملزمان شوکت حسین، اعجاز احمد ،نوید مراد ، حسن، طارق اور اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اگست تک توسیع کر دی اورآئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت جج کی عدم موجودگی پر بغیر کارروائی21جولائی تک ملتوی کر دی گئی ۔