کراچی(رپورٹ:وقاص باقر) سندھ حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں کے درمیان نجی شعبے کی شراکت سے انٹربس آپریشن شروع کرنیکا فیصلہ کرلیا،انٹرسٹی بس سروس کے آغازکیلئے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے انٹرنیشنل ٹرانسپورٹرز،کنسورشیم اورٹرانسپورٹ کمپنیزسے درخواستیں طلب کرلیں،کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے درمیان مجوزہ انٹرسٹی بس آپریشن کیلئے صوبائی حکومت فنڈ نہیں دیگی،تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں نجی شعبے کی شراکت سے بیالیس انٹراسٹی روٹس پربسیں چلانے کے معاہدے کے بعد صوبے کے مختلف شہروں کے درمیان ایئرکنڈیشنڈ بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے ،اس سلسلے میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سندھ نے انٹرسٹی بس آپریشن کیلئے انٹرنیشنل کنسورشیم،بس ٹرانسپورٹرزاورانٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کمپنیزسے درخواستیں طلب کی ہیں،مختلف شہروں کے درمیان بس آپریشن کیلئے پاکستانی کمپنیوں اورکنسورشیم کو بھی دعوت دی گئی ہے ،ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے انٹرسٹی بس آپریشن کیلئے طلب کی گئی درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت انٹرسٹی بس آپریشن کیلئے کامیاب کمپنیزکو تمام درکار سہولیات فراہم کریگی جن میں روٹس کلاسیفکیشن،روٹ پرمٹ کا اجرا،بسوں پراشتہارات کی اجازت اوردیگرسہولیات شامل ہیں جبکہ انٹرسٹی بس آپریشن چلانے کیلئے تمام سرمایہ کاری نجی شعبہ خود کریگا حکومت کوئی رقم خرچ کریگی نہ پبلک فنڈ یا ایکویٹی یا سبسڈی فراہم کریگی،انٹرسٹی بس آپریشن کیلئے کمپنی نے پاس وسیع تجربہ اورکم ازکم 80 بسوں کا فلیٹ ہونا ضروری ہے ،اس حوالے سے سندھ حکومت کے حکام اورماس ٹرانزٹ اتھارٹی افسران نے بتایا کہ کراچی سے سکھر،لاڑکانہ،حیدرآباد اوردیگرشہروں کے درمیان انٹرسٹی بس آپریشن کے وسیع امکانات ہیں جبکہ صوبے کے دیگرشہروں کے درمیان بھی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کاروبارکے مواقع موجود ہیں۔