کراچی(سٹاف رپورٹر)حکومت سندھ کی جانب سے عید الفطرپر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کے اعلان سے 100 قیدیوں کو رہائی کا پروانہ مل گیا،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کمی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ کو آزادی پانے والے قیدیوں کو عید سے پہلے رہا کرنے کی ہدایت کردی۔ ان قیدیوں کی سزاؤں میں کمی اورمعافی کا اعلان کیا گیا ہے جن کی عمر 60 سے 65 سال ہے جبکہ ایسی خواتین قیدی جن کے بچے ان کے ہمراہ قید ہیں ان پربھی اس کا اطلاق ہوگا۔ وزیراعلی نے اپنے حکمنامہ میں 18 سال سے کم عمر قیدیوں کو بھی معافی کا حقدارقراردیا، سزاؤں میں معافی کا اطلاق ان قیدیوں پرہوگا جو دو تہائی یا ایک تہائی سزا مکمل کرچکے ۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وہ قیدی جو ملک کے خلاف سازش، جاسوسی، دہشتگردی، اغوائ، زنا اور ڈکیتی میں ملوث ہوں ان پرمعافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وزیراعلی کی جانب سے سزاؤں میں کمی اورمعافی کا فائدہ 3613 قیدیوں کو ہوگا،سزاؤں میں کمی کے بعد 100 سے زائد قیدی آزاد ہوجائیں گے ۔مراد علی شاہ نے اپنے اس اقدام کو آزادی اورقیدیوں کیلئے عید کا تحفہ قراردیا، توقع کا اظہارکیا کہ رہائی پانے والے اپنے خاندان کے ساتھ اچھی زندگی بسر کریں گے ۔