کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سرکاری ملازمتوں پر بھرتی کے لئے ہر محکمے سے خالی اسامیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، تمام سرکاری محکموں کو 15جنوری تک تمام تفصیلات وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔صوبے میں سکولز،ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں سہولیات کوپیش نظر رکھتے ہوئے اسامیوں کی تفصیلات بتائی جائیں۔ان خیالات کا ظہارانہوں نے منگل کوسندھ کابینہ کے اجلاس کے بعدسند ھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزرا،مشیر، قائم مقام چیف سیکریٹری اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔بریفنگ کے بعد سندھ کابینہ نے جیٹیز کو ریگیولر کرنے کی منظوری دیدی۔اجلاس میں بتایاگیاکہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے سندھ میں 7 اثاثے ہیں،جن میں پی ٹی ڈی سی موٹل ہاکس بے ، سکھر میں 32 کینال کی زمین، حیدرآباد میں 9 کینال کی اراضی، سیاحت سہولت مرکز کراچی، موہن جو دڑو میں ہوٹل، ٹی آئی سی ٹھٹھہ اوربھنبھور میں 6 کینال زمین شامل ہیں اور یہ سب اثاثے 18ویں ترمیم کے تحت سندھ کو منتقل ہونے تھے ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ وفاقی حکومت کوخط لکھ کر اثاثے سندھ کو منتقل کرنے کا کہا جائے گا۔سعیدغنی نے مزید بتایاوائس چانسلر ٹنڈو جام یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین کی تقرری کی توسیع کی منظوری دے دی ہے ،صوبائی کابینہ نے سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری بھی دی گئی ہے رولز کے تحت ہر آجر سیفٹی کمیٹی قائم کرنے کا پابند ہوگا۔