کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین)سندھ کابینہ کی طرف سے نئی گاڑیوں کی خریداری پرعائد کی گئی پابندی کے باوجود سندھ پولیس کیلئے نئی گاڑیوں اورجدید اسلحے کی خریداری کے لیے خصوصی سمری منظورکرتے ہوئے ایک ارب روپے جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا،پولیس اسٹیشنزکی حالت بہتربنانے کے لیے ہرتھانے کے لیے 50 ہزارروپے فنڈزبھی فراہم کردیا گیاہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے نئے مالی سال کے اختتام سے پہلے سندھ پولیس کوڈیڑھ ارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی اور سندھ پولیس کونئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ارب روپے فوری جاری کرنے کابھی حکم دے دیاہے ۔معتمد ترین ذرائع کا کہناہے کہ حکومت سندھ سے ملنے والی خصوصی گرانٹ نئی گاڑیوں کی خریداری کے علاوہ بکتر بند گاڑیوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انھیں بم پروف بنانے دیگرمقاصد کے لیے خرچ کی جائے گی اورپولیس کے لیے خریدی جانے والی نئی گاڑیاں امن وامان اورآپریشنل ڈیوٹیز کے لیے مختص کی جائیں گی۔کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف پولیس کی ضروریات کومدنظررکھتے ہوئے جدید اسلحے سے لیس کرنے کے علاوہ جدید آلات سے لیس گاڑیوں کی فراہمی کافیصلہ کیا گیاتھا،جس پرفوری عملدرآمد شروع کیا جائے گااورحکومت سندھ سے ملنے والی خصوصی گرانٹ کے تحت 150 پک اپ گاڑیوں کو بھی افسران و اہلکاروں کی حفاظت کی غرض سے بلٹ پروف اوربم پروف بنایاجائے گا،جبکہ پی اوایف واہ سے 4500 پستول کی خریداری بھی کی جائے گی۔علاوہ ازیں تھانوں کی حالت بہتربنانے اورضروری ترقیاتی کاموں کے لیے پچاس کروڑروپے کابجٹ بھی جاری کیاگیاہے جس سے خستہ حال تھانوں کی تعمیرومرمت کے علاوہ جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈزخرچ کیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ سندھ کابینہ نے رواں مالی سال کے بجٹ میں نئی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد کررکھی ہے ،تاہم سندھ پولیس کے لیے خصوصی طورپرامن وامان کی صورتحال کومد نظررکھتے ہوئے نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ جاری کردی گئی ہے ۔