کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے اخبارات سے 3فیصد سیلز ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت نیو سندھ سیکریٹریٹ میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزرائ،چیف سیکریٹری،مشیر اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ نے طویل ترین ایجنڈے پر مشتمل 38 نکات پرمشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے ۔سندھ کابینہ نے 5لاکھ مینوئل اسلحہ لائسنس 31 دسمبر تک کمپیوٹرائزنہ کرانے پر منسوخ،آڈٹ نہ کرانے والی 4693 این جی اوز،فلاحی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ،سندھ بینک کوخسارے سے نکالنے کیلئے 3ارب روپے دینے ،سرکاری پینشنرز کی بائیومیٹرک کرانے ،اسلام کوٹ تھرپارکرکے رہائشیوں کو100 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے ،موٹرسائیکل کی رجسٹریشن بک کے بجائے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے ،اولڈسٹی ایریا کی قدیم عمارتوں کو نئے ریٹ پرلیز دینے ،فیاض شاہ ایڈووکیٹ کوپراسیکیوٹرجنرل سندھ مقررکرنے ،253 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے ،صوبائی محتسب کی تقرری کا اختیارگورنرسے وزیراعلی کومنتقل کرنے کیلئے ترمیم کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے انسپکٹر آف فشریز کو دیئے گئے اختیارات واپس لے لیے ۔