کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے بدھ کو ایم کیوایم کی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی آئینی ترمیم کے خلاف مذمتی قرارداد اپوزیشن کے سخت احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باوجود منظور کرلی۔جی ڈی اے سمیت ایوان میں موجود کئی اپوزیشن ارکان نے کھڑے ہوکر قرارداد کے حق میں رائے دی جبکہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ، اس موقع پر زبردست ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی ہوئی،پیپلزپارٹی کے ارکان نے ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں‘‘ کے نعرے لگائے ۔ اجلاس میں سپیکر کی جانب سے قواعدمعطل کرکے پیپلز پارٹی کے غلام قادر چانڈیو کو مذمتی قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے پرحزب اختلاف کے ارکان سیخ پا ہوئے ۔