کراچی (سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے سندھ اسمبلی سے مستعفی ہونیکا فیصلہ کرلیا ہے ،پارٹی چیئرمین کی توثیق کے بعد سندھ اسمبلی سے مستعفی ہوجائینگے ۔گزشتہ روزسندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ اجلاس میں سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اورفیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے حکم پرتمام اراکین اسمبلی استعفیٰ دینے پرمتفق ہیں، اب اسمبلیاں غلامی کا سسٹم بن چکی ہیں،امپورٹڈ حکومت ہم پرمسلط کی گئی ،چند بھکاریوں کو ڈالردیکرپاکستان پر مسلط کیا گیا ، چند بکاؤ ایم این ایز کے سوا تمام ارکان قومی اسمبلی نے استعفے دیدیئے ،ہم اس کرائم منسٹراورکیبنٹ سمیت اس اسمبلی کو تسلیم نہیں کرتے ۔ اس کرائم منسٹر کو عوام نے نہیں امریکہ نے سلیکٹ کیا، یہ لوگ ڈالرکی پیداوار ہیں۔ سندھ اسمبلی کی رکنیت ہمارے لئے اہم نہیں۔اتوار کی رات سب نے دیکھ لیا کہ عمران خان ابھی خودباہرنہیں نکلے لیکن کروڑوں لوگ پوری دنیا میں خود سڑکوں پرنکل آئے ۔ سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرخرم شیرزمان نے کہا کہ جب عمران خان کہیں گے توہم سیٹ چھوڑ دیں گے ۔عمران خان نے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کیا ہے کراچی میں 16 اپریل کو پی ٹی آئی کے جلسہ میں عمران خان آئیں گے ، جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دیدی ہے ۔قبل ازیں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔