کراچی(سٹاف رپورٹر)سپیکرآغاسراج درانی کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرقانون ایازسومروکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔پیپلزپارٹی کے شرجیل میمن نے ن لیگ کے سربراہ نوازشریف کی صحتیابی کی دعاکی درخواست کی۔سابق ناظم کراچی نعمت اﷲ خان اور منورحسن کی صحتیابی کیلئے بھی دعاکی گئی۔دعاکے دوران سپیکرآغاسراج درانی نے پیپلزپارٹی کے رکن منوروسان کوجھاڑپلادی۔منوروسان نے دعاکے دوران ازراہ مذاق کہاکہ دعا کی جائے کہ ہمارے شرجیل میمن کی جلدضمانت ہوجائے جس پرسپیکرنے کہاکہ دعاکے دوران مذاق نہیں ہوتا، سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین شریک نہیں ہوئے ۔اجلاس منگل کو سپیکرآغاسراج درانی کی صدارت میں سوا2گھنٹے تاخیرسے شروع ہوا۔سندھ اسمبلی میں منگل کومحکمہ صنعت وتجارت سے متعلق وقفہ سوالات تھا۔اس دوران صوبائی وزیرشبیربجارانی نے جوابات دیے تاہم اپوزیشن کی عدم موجودگی کے دوران وقفہ سوالات بھی سرکاری ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث تیزی سے نمٹ گیا۔