کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے نو منتخب رکن صالح شاہ جیلانی نے حلف اٹھالیا۔اپوزیشن جماعتوں نے حلف برداری کا بائیکاٹ کرکے پیپلزپارٹی کے ساتھ حساب برابر کردیا ۔جمعرات کوسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی موجود تھے ، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں ہم نے کارکردگی پر الیکشن جیتا ، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں آئیں استعفیٰ دے کر میرے حلقے سے الیکشن لڑیں،قائد حزب اختلاف کے ریمارکس پرایوان میں شدید نعرے بازی شروع ہوگئی،سپیکر نے فردوس شمیم نقوی سے کہا کہ آنے والے الیکشن کا انتظار کریں ، وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ ان کے دماغ میں خناس ہے ، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں فردوس شمیم اپنے حلقے سے استعفیٰ دیں یا میں اپنے حلقے سے استعفیٰ دیتا ہوں، یہ مجھ سے مقابلہ کریں۔اس موقع پراپوزیشن ارکان نے قبول قبول کے نعرے لگائے توسپیکر نے کہا کہ 3 دفعہ قبول ہوگیا تو کیاہوگا؟ اس لئے بہتر ہے کہ چیلنج اگلے الیکشن میں دیں۔ بحث مباحثے سے تنگ آکرسپیکر نے کہا کہ اگر چیلنج کا معاملہ ہے تو دونوں ارکان مجھے استعفیٰ بھیج دیں،میں استعفی الیکشن کمیشن کو بھیج دوں گا ،شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی والے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں تو وزیر اعظم عمران خان بھی استعفیٰ دیں۔