کراچی(سٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے صوبائی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پراکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 20 اور21 گریڈ کے 14 افسران کے تبادلے اورتقرری کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ سیکرٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز،سینئرممبربورڈ آف رونیوشمس الدین سومرو کاتبادلہ جبکہ حسن نقوی کودوبارہ سیکرٹری خزانہ مقررکردیاگیاہے ۔حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈاکٹرمحمد عثمان چاچڑکوچئیرمین چیف منسٹرانسپکشن انکوائری اینڈ امپلی منٹیشن،گریڈ 20 کے نجم احمد شاہ کو سیکرٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،گریڈ 20 کے تمیزالدین کھیروکورکن بورڈآف ریونیو،عمران عطاسومرو کوسیکرٹری ورکس اینڈ سروسز،سید امتیازعلی شاہ کو سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزمقررکیا گیا ہے ۔عمران عطا سومرو کو سیکرٹری ورکس اینڈ سروسزکااضافی چارج دیا گیا ہے ۔خالد حیدرشاہ سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن مقررکیے گئے ہیں اور عبدالرحیم شیخ کوایم ڈی سیپرا،انویسٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین احسان علی منگی کو سیکرٹری اسکول اینڈ ایجوکیشن کا اضافی چارج دے دیا گیا۔روشن علی شیخ کو محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، سید حسن نقوی کو دوبارہ سیکرٹری خزانہ تعینات کیا گیا ہے ،شمس الدین سومرو کو سیکرٹری صوبائی محتسب سیکرٹریٹ،جبکہ محمد اسلم غوری کو سیکرٹری ٹریننگ مینجمنٹ اورریسرچ ونگ تعینات کردیاگیاہے ۔