کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیراطلاعات وقانون بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میڈیا کے کچھ عناصر کی جانب سے حکومت سندھ کے خلاف منفی تاثرپیدا کیاجارہا ہے ،حکومت اورصحافی ایک گھرانے کی طرح ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت سمت کی جانب قدم بڑھانا دونوں کااخلاقی فرض ہے ،حکومت سندھ اشتہارات کی منصفانہ ،شفاف تقسیم کے لئے ایک جامع پالیسی بنارہی ہے ،صحافیوں کوطبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بہت جلد ہیلتھ کارڈ کی پالیسی بھی جاری کی جائے گی،جس میں مصدقہ اورعامل صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری ہوں گے ،اس معاملے کو وہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کراچی پریس کلب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام میڈیا کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام میڈیا انڈسٹری کے موجودہ بحران اورکارکنوں کے مستقبل پر میڈیا کنونشن کراچی پریس کلب میں ہوا جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے علاوہ کے یوجے دستور، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، ایپنک، کراچی پریس کلب، اے پی این ایس ، سی پی این ای ، پاکستان ایسویسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے نمائندئوں اور صوبائی مشیر اطلاعات و قانون نے شرکت کی۔ کنونشن میں میڈیا نمائندوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن میں میں صحافتی تنظیموں اور حکومت سندھ کے نمائندوں پر ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا جو موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے اپنی تجاویز تیارکرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام کارکنوں کی معاشی صورت حال کو بہتر بنایا جائے ،ویج ایوارڈ سمیت تمام مسائل کو باہمی مشاورت سے حل اور اخبارات اور ٹی وی چینلز کے اشہارات کی مد میں رکے ہوئے بقایاجات کو فوری ریلیز کرانے کے اقدامات تجویز کرے گی۔اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سرمد علی نے کہا کہ اخباری صنعت اس وقت بہت بڑے بحران کا شکار ہوچکی ہے جس کی وجہ سے اخبارات کو چلانا مشکل ہوگیا ہے اسی وجہ سے ادارے بند ہورہے ہیں ۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرجبار خٹک نے کہا کہ سی پی این ای نے موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے سندھ حکومت کو کئی تجاویز پیش کی ہیں ۔جب اخبارات میں اشتہارات نہیں ہوں گے ، ٹی وی چینلز کو اشتہارات نہیں ملیں گے تو ان کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا ۔میڈیا کنونشن میں مقصود یوسفی،اے پی این ایس کے جنرل سیکرٹری سید سرمد علی ،سی پی این ای کے ڈاکٹرعبدالجبارخٹک ،خورشید عباسی ،خلیل ناصر،جی ایم جمالی ،حسن عباس ،عاجز جمالی ،مظہر عباس،احمد علی اورحامد حسین ودیگر نے شرکت کی ۔