حیدرآباد، شادی پلی،پتھورو،مٹیاری،ملتان(نامہ نگار،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ سندھ کے لوگوں زرداری سے مت ڈرو کیوں کہ وہ تو خود نیب سے ڈر رہا ہے ، عوام کو بہت جلد لٹیروں اور جاگیرواروں سے نجات کی خوشخبری ملنے والی ہے ۔نواز شریف کو جو سزا ملی وہ سیاسی نہیں ، کرپشن اور اثاثے چھپانے کی وجہ سے سزا ملی ہے ۔گزشتہ روز حیدرآباد ،شادی پلی سٹیشن چوک، پتھورو،مٹیاری اور دیگر علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی زر اور زرداری لیگ میں تبدیل ہو چکی ہے ۔ بلاول بھٹو ایک نمائشی لیڈر ہے ، اصل اختیار ات دوسری جگہ ہیں۔سندھ میں بھی پی ٹی آئی،جی ڈی اے ملکر حکومت بنائیں گے ، کامیابی انکا مقدر ہے ۔ عمران خان کی صورت میں اب قوم کے سامنے متبادل آگیا ہے اسی وجہ سے پی پی اورن لیگ سے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ قوم کو25جولائی کو انتخابات میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے ۔ پی ٹی آئی کو چاروں صوبوں میں عوامی پذیر ائی مل رہی ہے ، ملک ہی نہیں سندھ میں بھی تبدیلی آئیگی ۔ وقت آگیا ہے کہ عوام ناکام حکمرانوں سے نجات پائیں اور پی ٹی آئی کو موقع دیں۔ ہالا کے مخدوم خاندان کو پیپلز پارٹی نے انکا جائز حق نہیں دیا اس لئے وہ پی پی موجودہ پی پی قیادت سے نالاں ہیں ۔ قیاس آرائی کا وقت ختم ہو گیا ، عوام پرانی و روایتی سیاست سے ہٹ کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ شاہ محمود قریشی مٹیاری پہنچے تو سرھندی جماعت کے مرکزی چیئرمین اور پاکستان مشائخ اتحاد کے رہنما پیر غلام مجدد سرہندی نے پی پی کو خیر آباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملتان میں یونین کونسل نمبر 38 رحمان آباد ملک ساجد نواز کھوکھر کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے اپنے اور پی پی 213 سے امیدوار وسیم خان بادوزئی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف سیاسی شہید نہیں بن پائیں گے ۔ عدالتی فیصلہ کے بعدنوازشریف اور شہبازشریف کے انداز بیان میں تضاد نظر آیا ۔