کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ میں توسیع کردی گئی ہے ،سہیل سیال،ناصرشاہ، اکرام دھاریجو،عبدالباری پتافی کو وزارت مل گئی، اتوار کوگورنر ہاؤس کراچی میں ایک سادہ و پروقار تقریب حلف برداری میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے چار وزراسید ناصر حسین شاہ ، عبد الباری پتافی ، اکرام اللہ دھاریجو اور سہیل انور سیال سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزرا، مختلف اداروں کے سیکرٹریز اور عمائدین شہر کی بڑی تعدا د بھی شریک تھی۔ حلف لینے کے بعد گورنر، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری نے نئے وزرا کو مبارکباد دی، 4وزرا کے حلف کے بعد کابینہ ارکان کی تعداد 18ہوگئی۔ سندھ کابینہ میں دو نئے مشیر بھی شامل کئے گئے ہیں جن میں نثار احمد کھوڑو اور اعجاز شاہ شیرازی شامل ہیں دو مشیروں کی شمولیت سے کابینہ میں مشیروں کی تعداد چار ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں سندھ کابینہ میں شامل ارکان کے محکموں میں ردوبدل کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ ادھر وزیراعلی سندھ سے بھی چاروں نئے وزرا اور دو مشیروں نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا ۔