لاہور،ملتان،ڈیرہ غازیخان،اوکاڑہ (خصوصی نمائندہ، سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں شجاع آباد روڈ پر نشتر II ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا،وزیراعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کی اوردعا مانگی۔ وزیراعلیٰ کو سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے نشترIIہسپتال کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت 6 ارب روپے کی لاگت سے اس ہسپتال کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل کرے گی، پہلے مرحلے میں 120 بیڈز کی ایمرجنسی کے علاوہ نیورو سائنسز، آرتھوپیڈک، سرجری، میڈیسن، گائنی، پیڈز اور آئی سی یو بنایا جائے گااور رواں بجٹ میں اس کیلئے فوری طور پر اڑھائی ارب روپے مہیا کر دیئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ شہر کے قریب شجاع آباد روڈ پر واقع اس منصوبے کے پہلے فیز میں 500بیڈ کا ہسپتال بنایا جائے گا،دوسرے فیز میں بھی 500بیڈ کا بلاک بنے گاجبکہ تیسرے فیز میں میڈیکل کالج،پیرا میڈیکل کالج اورنرسنگ کالج تعمیر ہوں گے ،نشتر ہسپتال فیزIIپاکستان کا سب سے جدید اوراعلی ترین ہسپتال ہوگا، 120بیڈ پر مشتمل ایمرجنسی وارڈ سے موٹر وے ،نیشنل ہائی وے اوردیگر روڈ ز پر حادثات کور کیے جاسکیں گے اور دور دراز کے علاقوں سے علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو بھی آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔انہوں نے ڈی جی خان کیلئے 105منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے فنڈز مختص کیے جارہے ہیں اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں آنے سے علاقے کی محرومیوں کا خا تمہ ہوگا۔وہ ڈیرہ غازی خان میں غازی میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ،وزیراعلیٰ نے طلبا و طالبات میں ڈگریاں اورپوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کو میڈلز دیئے ،کانووکیشن سے پرنسپل غازی میڈیکل کالج اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب بھی کیا،وفاقی وزیرمملکت زرتاج گل، مشیرصحت حنیف پتافی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیراعلیٰ نے سابق اورموجودہ پرنسپل کو شیلڈز بھی دیں،پرنسپل غازی میڈیکل کالج کی طرف سے وزیراعلیٰ کو شیلڈ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان کے پہلے کانووکیشن میں شرکت سے قبل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بحال کیا اوراس ضمن تختی کی نقاب کشائی کی،وزیراعلیٰ نے ریڈیو پاکستان ملتان کے بلوچی پروگرام ’’روش‘‘ کابھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تونسہ شریف گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تونسہ کیلئے 1ارب64کروڑ82لاکھ روپے سے زائدکے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا،وزیراعلیٰ نے تونسہ شریف میں مجموعی طور پر 8نئے منصوبوں کا سنگ بنیادرکھا،وزیراعلیٰ پنجاب سے فوجی پڑاؤمارکیٹ تونسہ میں آگ لگنے کے واقعہ کے متاثرین نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے تونسہ میں فوجی پڑاؤمارکیٹ کے 133متاثرین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے ،بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد جمال سکھیرا اور وفاقی سیکرٹری کامرس احمد نواز سکھیرا کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا30اپر یل کواوکاڑہ کامتوقع دورہ کیلئے بھر پور استقبال کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔