لاہور(نمائندہ خصوصی سے )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 23 مارچ کو پاکستان زندہ باد کے نام سے منائے گی۔ اس روز ملک بھر میں پاکستان زندہ باد ریلیاں اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان انھوں نے جامعہ انوار مدینہ میں یوم پاکستان کی تیاریوں کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد اجتماعات کے دوران عوام سے پاکستان کے ساتھ وفاداری کا حلف لیا جائے گا اور پاکستان کو عظیم تر بنانے کا عہد کیا جائے گا۔ یوم پاکستان کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان تحریک پاکستان کے راہنماؤں کے مزارات پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں گے اور شہدائے وطن کے لواحقین سے ملاقاتیں کریں گے ۔