لاہور( سٹاف رپورٹر )سنی تحریک کے زیراہتمام لاہور ریلوے اسٹیشن سے آزادی کشمیر ٹرین مارچ کراچی کے لئے روانہ ہوگیا ، جس میں سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضانقشبندی ، صوبائی جنرل سیکرٹری پنجاب زاہد حبیب قادری ، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر ، رکن صوبائی رابطہ کمیٹی مفتی لیاقت علی رضوی، ڈویثرنل صدر گوجرانوالہ علامہ طاہر رضاقائم مقام ضلعی صدر لاہور محمد عمر قریشی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔رہنمائوں اور کارکنوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے کا مطالبات درج تھے ۔اس موقع پرکارکنوں سے خطاب،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیر یوں کیلئے آواز بلندکرتے رہیں گے ۔ حکومت پاکستان سابقہ حکومتوں کی طرح روایتی بیانات کی بجائے کشمیر کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرئے ۔ تبدیلی سرکار عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی صلاحیت نہیں رکھتی تو کم از کم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنے اندر کوئی تبدیلی لے کر آئے ۔