ملتان (سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں تبدیلی کیلئے پُراُمید ہیں کیونکہ سندھ کے لوگ بھی تبدیلی چاہتے ہیں، پی ٹی آئی متبادل جماعت ہے جو سندھ کے مسائل حل کرسکتی ہے ، سندھ کے لوگوں کو قائل کرنے کی ضرورت ہے ،جس دن سندھ کے عوام قائل ہوگئے تبدیلی دیکھیں گے ۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے بعد تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے ، سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کی نشست پر تحریک انصاف جیتی۔ ملتان کیلئے 117 سکیموں کی منظوری مل گئی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ورک الاٹ ہوچکا ہے ، بہالپور سیکرٹریٹ کیلئے بھی 30 ایکڑ زمین حاصل کرلی گئی ہے ،کشمیر کے بعد اگلا ٹارگٹ سند ھ ہے ،سندھ میں سیاسی رابطوں کے حوالے سے وزیراعظم کی سربراہی میں حکمت عملی طے ہوئی ہے ،اس حوالے سے سندھ کی اہم شخصیات سے رابطے میں ہیں ،ہم سندھ کے لوگوں کو متبادل قیادت فراہم کریں گے ، عمران خان کا پیغام اندورن سندھ لوگوں تک پہنچائیں گے ،سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے جس کو آگے لے کر جائیں گے ، وزیراعظم کا 5 اگست کو آزاد کشمیر جانے کا ارادہ ہے ، یورپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ نے کمیشن کو جو خط لکھا ہے اس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،مسئلہ کشمیر پر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی برادری بھی بات کر رہی ہے ،ہم افغانستان میں کسی مسلط کردہ حکومت کے حامی نہیں ہے ، ہم افغانستان میں غیر ضروری مداخلت اور لاتعلقی نہیں چاہتے ، افغان مسئلہ کے حل کیلئے افغان حکومت اور طالبان کو چاہیے کہ وہ آپس میں بیٹھ کر معاملات طے کریں ، افغانستان میں داعش کو کنٹرول کرنا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے ، افغانستان کے حکمران کو طالبان کی پیش قدمی کے بارے میں سوچنا ہوگا یہ ان کی ذمہ داری ہے ، کچھ قوتیں سی پیک کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں ۔ن لیگ میں اختلافات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سننے میں آیا ہے ن لیگ میں دو بیانیے پائے جاتے ہیں، لاک ڈائو ن کے حوالے سے سندھ کی حکومت زمینی حقائق سے پوری طرح آگاہ ہے ،مہنگائی پر ہمیں بھی تشویش ہے ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کا کام کل سے شروع کر دیا جائے گا، نواز شریف اگر صحت مند ہیں تو انہیں اخلاقی طور پر واپس آ جانا چاہئے ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کی سیاسی قیادت اور سیکرٹریٹ انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس ملتان میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کسی صورت رول بیک نہیں کیا جاسکتا ۔چیف ویپ عامر ڈوگر نے کہا کہ سب سیکرٹریٹ کا خوب شرمندہ تعبیر ہونے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ کابینہ کمیٹی جلد رولز آف بزنس سمیت تمام اختیارات کو جلد منظور کرکے سب سیکرٹریٹ کو منظم کرے گی ،پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اراکین اسمبلی کی سکیموں کو ترجیح دی جائے ۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ تبدیلی کااصل چہرہ تاریخی مہنگائی اوربے روزگاری ہے ،خان صاحب نے عوام کولاوارث چھوڑدیا،کٹھ پتلی اورسلیکٹڈکیخلاف کل بھی کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں،پیپلزپارٹی کراچی سے کشمیرتک اس تبدیلی سرکارکوبھگائے گی،اپوزیشن مل کرکام کرے توحکومت گراسکتے ہیں، حکومت ہرچیزپرسیاست کرناچاہتی ہے ، وفاقی حکومت کورونا کے حوالے سے کچھ کرتی ہے نہ کسی کوکچھ کرنے دیتی ہے ، وفاق کوسندھ حکومت کی مددنہیں کرناتھی توخاموش رہتے ،سندھ حکومت عوام کوبچانے کے لیے اقدامات کررہی ہے ،کراچی میں بھارت کی طرزپر وبا پھیل گئی توعمران خان،وزراذمہ دارہوں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہالاہورمیں لاک ڈاؤن کیاگیاتوکسی نے کچھ نہیں کہاتھا، کراچی میں کیسزکی شرح30فیصدسے زائد ہو چکی ہے ، ڈیلٹاویرینٹ کراچی میں تیزی سے پھیل رہاہے ، وفاقی حکومت خیال کرنے کے بجائے ہم پرتنقیدکررہی ہے ، آزادکشمیرکے وزیرنے پیسے بانٹے اورالیکشن کمیشن کچھ نہیں کرسکا،آزادکشمیر میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں کرائے جاسکے ، آزادکشمیرالیکشن میں پیسہ بانٹاگیا،بھارت ساری دنیاکودکھائے گاکہ آزادکشمیرمیں کیاکچھ ہورہاہے ،ہرپلیٹ فارم پردھاندلی کو بے نقاب کریں گے ،پیسے کی بنیادپرآزادکشمیرمیں حکومت بنانے کی کوشش ہورہی ہے ، حکومت جیالوں کے خلاف جعلی مقدمات بنارہی ہے ،خان صاحب کی حکومت میرے جیالوں کو پکڑے یہ برداشت نہیں کریں گے ،ہم عمران خان کی طرح صرف امیروں کونہیں نوازیں گے ،وفاقی حکومت عوام کی صحت پرسیاست کرناچاہتی ہے ،سندھ حکومت اپنے لوگوں کوبچانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے ،بھارت میں کوروناعروج پرتھا،بارڈرکھولنے سے پاکستان میں ڈیلٹاویرینٹ آیا،وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہرپاکستانی کاخیال کرے ،ہماراخیال کرنے کی بجائے وفاق سندھ کے عوام کی بے عزتی کررہاہے ،اپوزیشن کے دوستوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے ،ملکرکام کریں توپنجاب میں بزدار اوروفاق میں عمران کی حکومت ختم کرسکتے ہیں ،ہماری اپوزیشن جماعتیں حکومت کو ہٹانا نہیں چاہتیں،پیپلزپارٹی پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر بھرپور اپوزیشن کیلئے تیار ہے ، اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کرلیاتوحکومت کوجاناپڑے گا،افغان جنگ سے پاکستان کوبہت نقصان ہوا،ہمیں ہوش کے ناخن لیناہوں گے ۔