اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،این این آئی)وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کورونا وبا میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد مشکل کام نہیں ، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے ، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں ،ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل کیساتھ این آئی ایچ میں نو تعمیرآئیسولیشن اینڈ سپیشل ٹریٹمنٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کورونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔اسلام آباد میں 40 دن میں آئیسولیشن ہسپتال مکمل کیا گیا ہے ، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئسولیشن ہسپتال کا افتتاح کریں گے ۔ اس ہسپتال میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں۔اسد عمر نے کہا تمام طبی عملے کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں،جب بھی ملک کو مشکلات پیش آئیں پاکستانی عوام ایک قوم بن گئے ۔