سٹاک ہوم ، اسلام آباد(رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن میں دائیں بازو کی انتہاپسند جماعت کے سربراہ راسموس پلوڈن کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کیخلاف مظاہرے کئی شہروں تک پھیل گئے ،مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں جبکہ کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نذرآتش کر دیا گیا۔ پاکستان اور سعود ی عرب سمیت مختلف مسلم ممالک نے قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت سٹاک ہوم اور مالمو شہر میں بھی لوگ سڑکوں پر نکل آئے اورپلوڈن کیخلاف نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جسکے نتیجے میں فریقین میں جھڑپیں ہوئیں جن میں 11افراد زخمی ہوئے ۔مشتعل افراد نے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جبکہ کئی کاروں اور بسوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے مزید 26افراد کو حراست میں لے لیا۔مالمو شہر میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک سکول کوبھی نذر آتش کر دیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل انتہائی قابل مذمت ہے ، ایسے افعال آزادی اظہار رائے کے ماتحت نہیں آتے ، یہ بیہودہ اور اشتعال انگیز اسلاموفوبک افعال ہیں جن کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، علاوہ ازیں ایک ڈچ سیاستدان کے اسلام اور ماہ رمضان کے متعلق نامناسب تبصرے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے تحفظات سے سویڈن اورہالینڈ کو آگاہ کردیا گیاہے ۔سعودی عرب نے قرآ ن کی بے حرمتی اور مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی اور انتہا پسندی اور تمام مذاہب کے مقدس مقات کی توہین کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ایران اور عراق نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے سویڈش سفارتکاروں کو طلب کیااور ان سے وضاحت طلب کی۔عراقی وزارت خارجہ نے تنبیہ کی کہ ایسے واقعات سویڈن کے تمام مسلمانوں سے تعلقات کو خراب کریں گے ۔