پشاور(سپورٹس ڈیسک،92نیوز) وادی سوات کی پرفضا ، حسین اور برف پوش پہاڑوں میں واقع مالم جبہ کے مقام پر منعقدہ ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2020ء سے لطف اندوز ہونے اور ان میں شرکت کیلئے ملک بھر سے سیاحوں مالم جبہ پہنچ گئے ،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ ونٹرسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب آج (اتوار) ہو گی جس کے مہمان خصوصی کمشنر مالاکنڈ ریاض محسود ہونگے ۔فیسٹیول میں سلالم ، جائونٹ سلالم سکی انگ، سکیٹنگ، سنو بورڈنگ، آئس ہاکی ، سنو ٹویبنگ ،الپائن سکی ، انڈر15 سکیٹنگ ، سینئر سکیٹنگ ، کرلنگ ،سنو ٹیوب آرچری اوردیگر کئی مقابلے منعقد کئے گئے جس میں 100 کے قریب کھلاڑیوں نے انڈر8 ، انڈر15 ، سینئر سمیت مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا، فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کو ونٹر فیسٹیول سے محظوظ کرنے کیلئے خٹک ڈانس ،روایتی موسیقی رباب منگے اور دیگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ فیسٹیول میں شریک خاتون سیاح فرح ایوب کا کہنا تھا کہ مالم جبہ کے حسین سیاحتی مقام پربہترین انتظام کئے گئے ہیں اور فیسٹیول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ، ونٹر سپورٹس میں سلالم سکی ریس میں انڈر15 مقابلے میں شاکر نے پہلی ، برکت نے دوسری ، مستقیم نے تیسری اور اسماعیل نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ۔