کراچی( نیٹ نیوز)اداکارہ ایشل فیاض نے بتایا ہے کہ بچپن میں ان کے سوتیلے والد نے ان کے ساتھ کئی بار جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی۔فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کی اداکارہ ایشل فیاض نے ایک شو کے دوران بچپن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ تین یا چار سال کی تھیں تو ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی،جب وہ تھوڑی بڑی ہوئیں تو ان کے سوتیلے والد نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی اور ایک بار نہیں بلکہ تین بار والد نے ان کے ساتھ یہ گھناؤنا کام کرنے کی کوشش کی اور جب چوتھی بار انہوں نے حملہ کیا تو ایشل نے اس بارے میں اپنی والدہ کو بتانے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس واقعہ کے بارے میں پہلے اپنی بہن کو بتایا اور پھر ان دونوں نے اپنی والدہ کو بتایا۔اداکارہ ایشل فیاض بچپن میں اپنے ساتھ ہوئے اس ناخوشگوار واقعہ کو بتاتے ہوئے روپڑیں اور کہا کہ آج بھی جب وہ اس واقعہ کو یاد کرتی ہیں تو انہیں بہت دکھ ہوتا ہے ۔ ایشل نے بتایا میری امی اور سوتیلے والد کے درمیان طلاق کی وجہ بھی یہی واقعہ بنا، اس واقعہ کے بعد میری والدہ نے دوبارہ کبھی شادی نہیں کی۔