واشنگٹن ( ویب ڈیسک) واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ وہ اس قدر جلد مکافات عمل کا شکار ہوجائے گا۔ پولیس کے مطابق اس شخص کی گاڑی چورنے عین اس وقت چرا لی، جب یہ ایک سٹور میں چوری کی واردات کر رہا تھا۔ کینوک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ دنوں شام چھ بجے پیش آیا۔پولیس کے مطابق وہ ایک گاڑی کی چوری کی رپورٹ پر موقع پر پہنچے ۔گاڑی کے مالک ولیم کیلی نے بتایا کہ اُن کی پک اپ گاڑی کی چابیاں اندر سیٹ پر ہی رکھی تھیں تاہم جب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ ولیم صاحب اپنی گاڑی کی چوری کے وقت گلی کے پار ایک سٹور میں چوری کر رہے تھے ۔ فوٹیج سے پتا چلا کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے ولیم کے گاڑی کے پیچھے اپنا موٹر سائیکل رکھا اور گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ ویڈیو میں ولیم کو اپنی گاڑی کے پیچھے بھاگتے بھی دکھایا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ابھی تک ولیم کی گاڑی نہیں ملی ہے ۔