کوئٹہ (نیٹ نیوز) 27 سال تک پولیو سے لڑنے والے پاکستانی شہری ضیا خان سوشل میڈیا کے ذریعے سماجی تبدیلی لانے کیلئے سرگرم ہیں۔ آئی ٹی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنیوالے ضیا سوشل میڈیا کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے باعث اسے معاشرے کیلئے مثبت انداز میں استعمال کرنا چاہتے ہیں، اسی مقصد کیلئے انہوں نے سوشل میڈیا پر ’’کوئٹہ آن لائن‘‘ نامی گروپ بنایا، جسکا مقصد اپنی مدد آپ کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعے تبدیلی لانا ہے ۔ضیاخان نے بتایا ہمارے گروپ کو ’’یو این والنٹیئر‘‘نے حال ہی میں ایوارڈ سے نوازا، اور یہ اب تک اقوام متحدہ کے تین ایوارڑز جیت چکا ہے ۔ہماری کوششوں سے حکومت بلوچستان نے شیخ زاید ہسپتال کوئٹہ میں کینسر کے مریضوں کیلئے مخصوص یونٹ بنانے کا اعلان کیا۔ہم نے کلین کوئٹہ، گرین کوئٹہ اور پلاسٹک کے تھیلوں سے چھٹکارے پر کام کیا۔ ہماری سب سے بڑی کامیابی بلوچستان میں ’’ڈس ایبلٹی ایکٹ‘‘ کی منظوری ہے ۔ہم جو خوشی ڈھونڈ رہے ہیں وہ پیسوں میں نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرنے میں ہیں اور جو اس کام میں لگ جاتا ہے اسے خدا مل جاتا ہے ۔