حکومت نے سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اکائونٹس کے ذریعے نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ ہم کسی کو نفرت کے پرچار کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بات تو بالکل درست ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا کا غلط اور ناجائز استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہم تو دوسری بہت سی ایجادات اور سہولتوں کا بھی غلط استعمال کر رہے ہیں،موبائل اور انٹرنیٹ اس کی واضح مثال ہیں، بے شک جو لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف طبقات یا گروہوں کے مابین نفرت کو ہوا دے رہے ہیں ان کیخلاف کارروائی کی جانی چاہیے لیکن حکومت کو بھی یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کریک ڈائون کی آڑ میں آزادیٔ اظہار پر کوئی قدغن لگائے۔ یہ شہریوں کا حق ہے کہ وہ حکومتی کارکردگی پر جائز تنقید کے ذریعے اس کی اصلاح کریں لہٰذا جس طرح حکومت کو یہ حق ہے کہ وہ کسی کو نفرت پھیلانے کا حق نہیں دے سکتی بالکل اسی طرح عوام کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ ان کے اظہار آزادی کو بھی نشانہ نہ بنایا جائے، البتہ یہ ضروری ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف سیاسی و معاشرتی اور مذہبی شخصیات، تنظیموں، جماعتوں اور گروہوں کے درمیان مناظرہ بازی اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی جو کیفیت پائی جاتی ہے اس کا تدارک ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا صارفین کو بھی چاہیے کہ وہ اسے ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا ذریعہ نہ بنائیں اور اسے اپنی اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں تا کہ قومی یکجہتی کو فروغ ملے۔