کراچی(نیٹ نیوز)بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں جھوٹی سرجیکل سٹرائیک کے دعوؤں پرسوشل میڈیا پر بھارتی اور پاکستانی صارفین کے درمیان بحث ہوتی رہی۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کسی بھی خوف کا اظہار کئے بغیر بھارت کا مذاق اڑایاجاتا رہا۔ بھارتی فضائیہ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا گیا کہ 42 فوجیوں کی ہلاکت پربھارتی فضائیہ نے بالا کوٹ کے صرف 8 درخت مار گرائے ۔تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ جنگ ابھی شروع نہیں ہوئی، اور دشمن ہتھیار چھوڑ کر بھاگ گئے !بھارتی دعوے کا پول کھولتے ہوئے ایک صارف نے لکھا 1000کلوگرام بارودی مواد سے حملہ اور ایک بھی انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا جبکہ صرف 300 کلوگرام بارودی مواد نے 45 بھارتی فوجی ہلاک کردئیے ، شاید بھارتی دھماکہ خیز مواد ملاوٹ شدہ ہے ۔جاوید ڈار نامی صارف نے بھارتی افواج کا مذاق اڑاتے ہوئے کہابھارتی فوج نے بالاکوٹ میں درختوں پر دھماکہ خیز مواد گرایااور ہارے ہوئے لوگوں کی طرح بھاگ گئے ، ہم اپنے شہید ہونے والے درختوں کی ایک ایک شاخ اور ایک ایک پتے کا حساب لیں گے ۔محسن نامی صارف نے لکھا دعویٰ کیاجارہا ہے کہ بھارت کے 12 جیٹ طیاروں نے 1000 کلوگرام بارودی مواد گرایا اورجانے سے پہلے اندھیرے میں مرنے والوں کی تعداد کی گنتی بھی کرلی، ایسا لگ رہا ہے یہ حملہ نہیں بالی ووڈ فلم کا کوئی سکرپٹ ہے ۔کچھ صارفین نے بھارتی اخبار کی سرخی شیئر کرائی جس میں بھارتی وزیردفاع کا بیان موجود ہے جس میں وہ کہتے نظر آرہے ہیں ہمیں اس حملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں۔