لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت دیدی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔ ایمرجنسی وارڈز میں صنعتی ورکرز کے ساتھ عام مریضوں کی بھی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں بھی عام مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز پر قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کی بھی اصولی منظوری دے دی اور انسپکٹر لیس رجیم اور سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کر لی ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں 2 نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹری بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹریز ملتان اور رحیم یار خان میں بنائی جائیں گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبے میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم کے آغاز پر والدین سے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس مرض سے اپنے بچوں کو بچانا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ انسداد پولیو مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ انسداد پولیو کے لئے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔دریں اثنا انہوں نے شیخوپورہ اور نارنگ منڈی کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور رپورٹ طلب کرلی۔بعدازاں انہوں نے سابق سپیکر قومی اسمبلی و ماہر قانون صاحبزادہ فاروق علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔