کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں منگل کوبھی کاروبار حصص میں اتار چڑھاؤ کی کیفیت رہی لیکن مارکیٹ کا اختتام مثبت زون میں ہوا۔ منگل کو شیئرز مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز11پوائنٹس کی مندی سے ہوا اور100انڈیکس40111پوائنٹس پر آگیا ۔بعد ازاں نئی سرمایہ کاری سے انڈیکس61.51پوائنٹس بڑھ کر40184.01پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس16.44پوائنٹس اضافے سے 17401.87پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس33.70پوائنٹس بڑھ کر28232.90 پوائنٹس اور کے ایم آئی30انڈیکس332.69پوائنٹس کی تیزی سے 64886.88 پر بند ہوا ۔کاروباری اتار چڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ کے سرمایے میں8ارب90کروڑ61لاکھ27ہزار230روپے کا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 74کھرب60ارب 63کروڑ15لاکھ 85ہزار52روپے ہو گیا ۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 52ڈالر فی اونس بڑھنے سے مقامی مارکیٹ میں 2900روپے فی تولہ بڑھ گئی۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو سونے کی قیمت نئے اضافے سے 1لاکھ22ہزار300روپے تولہ ہو گئی ۔2487روپے کے اضافے سے 10گرام سونے کی قیمت 1لاکھ4ہزار853روپے پر جا پہنچی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 168.10روپے سے بڑھ کر168.25روپے اور قیمت فروخت168.35روپے سے بڑھ کر168.50روپے ہو گئی ۔