کراچی (کامرس رپورٹر ) سٹا ک مارکیٹ میں منگل کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے مزید 490پوائنٹس کے اضافے سے 40292.81پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 88ارب60کروڑ51لاکھ روپے بڑھ گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس490.22پوائنٹس کے اضافے سے 40292.82پوائنٹس پر بند ہوا۔ز مجموعی طور پر 402کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 104میں کمی اور 20میں استحکام رہا ۔دریں اثنا انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید168.35روپے مستحکم رہی جب کہ قیمت فروخت168.60روپے سے گھٹ کر168.41روپے ہو گئی دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید بیس پیسے اضافے سے 168.40روپے ہوگئی جب کہ قیمت فروخت 168.80روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت27 ڈالر کی کمی سے 1923 ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی طور پر فی تولہ سونے کی قیمت 2100 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 16 ہزار400 روپے ہوگئی اور دس گرام سونے کی قیمت 1801 روپے کی کمی سے 99ہزار794روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1430 روپے مستحکم رہی۔