کراچی (کامرس رپورٹر)بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مزید4ڈالرکی کمی ہوئی لیکن مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ400روپے مزید مہنگاہوگیاجس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار 66ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کو بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت کم ہو کر1239ڈالرہوگئی لیکن اس کے برعکس کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید400روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں343روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیاجس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت65800روپے سے بڑھ کر66200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت56413روپے سے بڑھ کر56756روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت880.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت754.45روپے پرمستحکم ہوگئی۔