نئی دہلی ( نیٹ نیوز ) بھارت کے معروف گلوکار سونو نگم پاکستانی کلام 'بول ہو' سن کر آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے اس کلام کو ایک مثالی شاہکار قرار دے دیا، انسٹاگرام پر بھارتی گلوکار سونو نگم نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پاکستانی میوزک ٹی وی سیریز نیس کیفے بیسمنٹ کا کلام بول ہو سن رہے ہیں، یہ کلام پاکستان کی کم عمر گلوکارہ ہادیہ ہاشمی اور سوچ بینڈ کا شاہکار ہے جسے سن کر بھارتی گلوکار آبدیدہ ہوگئے ، سونو نگم نے اپنی ویڈیو میں کہا بہت دنوں بعد کچھ اچھا سننے کو ملا ، میں حیران ہوں کہ ایسا کام بھی ہوتا ہے جسے سننے کے بعد انسان پھوٹ پھوٹ روئے ، میں نے ایسا کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کبھی گانا سن کر پھوٹ پھوٹ کے رونا شروع کردوں گا، گلوکار نے بتایا کہ انہیں یہ کلام بالی وڈ اداکار جاوید جعفری نے بھیجا تھا۔ سونو نگھم نے ہادیہ ہاشمی اور سوچ بینڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے کلام کو خوب سراہا۔