اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر ،خصوصی نیوز رپورٹر ،وقائع نگار ،سٹاف رپورٹر ،92نیوزرپورٹ) صدرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا دلیپ کمار میرے دور کے بہترین اور ورسٹائل اداکار تھے ، انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ میں حصہ لیا،شوکت خانم ہسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ پر دلیپ کمار کی مدد کو کبھی نہیں بھول سکتا، پاکستان اور لندن میں دلیپ کمار نے مشکل وقت میں فنڈریزنگ مہم میں اپنا حصہ ڈالا ۔صدر نے ٹویٹ میں لکھا مرحوم بہترین اداکار، ایک عاجز انسان اور عظیم شخصیت تھے ، غم کی اس گھڑی میں دلیپ کمار خاندن کے ساتھ ہیں۔دلیپ کمار کی وفات پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی ، یوسف رضا گیلانی ، شیخ رشید ، فواد چودھری ،فیصل جاوید ،شبلی فراز ،فرخ حبیب ، چودھری شجاعت ، پرویزالٰہی ،مونس الٰہی ،شہبازشریف، آصف زرداری،بلاول بھٹو اور دیگر شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا۔