لاہور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں بالترتیب ایک ہزار اور 500پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام افسران اوراہلکاران قومی فریضہ سمجھتے ہوئے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرکے مریضوں اور ان کے لواحقین کو خوشگوار اور صحت افزاء ماحول مہیا کریں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روزمحکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سیکرٹریٹ برڈورڈ روڈ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر عائشہ سعید، ایڈیشنل سیکرٹری عمارہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سعدین، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر شہناز اور ڈپٹی سیکرٹری تنزیل الرحمن نے بھی پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی بہادر قاضی نے بتایا کہ ہیلتھ سیکرٹریٹ میں بھی ایک سو پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ دیہی مراکز صحت میں دو سو اور بنیادی مراکز صحت میں کم از کم ایک سو پودے لگائے جائیں گے۔ تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرکے صحت مند اور خوبصورت ماحول پیدا کیا جاسکے ۔ سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ گھنے سایہ دار درخت لگانے کو ترجیح دی جائے گی۔