اسلام آباد،لاہور، کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر، این این آئی، آن لائن)مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماء اسلام (ف)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، میر حاصل خان بزنجو کی نیشنل پارٹی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے ۔پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں۔’’ایسیٹ ریکوری یونٹ ‘‘کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسے فی الفور بند کیا جائے ۔ایک معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلی ٰعدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔اپنے فیصلے کے ذریعے دستو ر وقانون کی حکمرانی کی سربلندی اوراس کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ملک بھر کی وکلاء برادری کو مبارک پیش کرتے ہیں، ان کے اتحاد اور عزم کے سامنے فسطائی سوچ ڈھیر ہوگئی، سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی بے نقاب کر دی ،موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی طویل فہرست میں آج ایک اور اضافہ ہو گیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کا ریفرنس داخل کرناجذباتی اورلاابالی پن پر مبنی قدم تھاجس کی وجہ سے آج عدلیہ نے ان کاریفرنس واپس کردیا ۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کا جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس بدنیتی پر مبنی تھا، فیصلہ سے عدالت کا وقار بحال ہوا ہے ، نااہل حکومت کو ایک اور محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔سر براہ جے یو آئی ف نے کہا کہ نااہل وزیراعظم اور ان کی اہل ٹیم کی نااہلی دن بدن واضح ہورہی ہے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف صدارتی ریفرنس حکومتی بدنیتی پر مبنی تھا ،، مجھے یقین ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل حکومتی بدنیتی کا بھانڈا پھوڑے گی۔پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ اورسحرکامران نے کہا ریفرنس آزاد عدلیہ کے خلاف سازش تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم، صدر اور وزیر قانون کا احتساب نہیں ہونا چاہیے ؟۔قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپائو نے کہا ریفرنس کا فیصلہ آنے سے انصاف کے تقاضے پورے ہو گئے ۔