اسلام آباد(غلام نبی یوسف زئی )سپریم کورٹ نے مارچ کے آخری دو ہفتوں میں 688مقدمات نمٹا دئیے جسکے بعد عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 38388ہوگئی ، 16مارچ کو زیر التوا مقدمات کی تعداد 38245تھی۔ مارچ کے آخری دو ہفتوں میں 831نئے مقدمات دائر کئے گئے جبکہ 688مقدمات نمٹائے جاسکے جسکے بعد زیر التوامقدمات میں 145 کا اضافہ ہوا۔ تازہ اعدادو شمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران اسلام آباد میں 320، کراچی میں 65، لاہور میں 338، پشاور میں 99اور کوئٹہ رجسٹری میں 9نئے مقدمات دائر کئے گئے ۔ اسی طرح اسلام آباد میں عدالت عظمیٰ کے بنچز نے 406، کراچی میں 23،لاہور میں 259 کیس نمٹائے تاہم پشاور اور کوئٹہ رجسٹریز میں کوئی مقدمہ نہیں نمٹایا گیا کیونکہ یہاں سماعت کیلئے کوئی بنچ تشکیل نہیں دیا گیا تھا۔ عدالت عظمیٰ میں اسوقت 24ازخود نوٹس زیر سماعت ہیں جبکہ 15ازخود نوٹس کیسوں میں سنائے فیصلوں پر نظر ثانی کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ بنیادی انسانی حقوق سے متعلق زیر التوا کیسز کی تعداد168ہے ، سب سے زیادہ دیوانی کیس زیر التوا ہیں جن کی تعداد 30ہزار ہے ،2500جیل پٹیشنز زیر التواہیں ۔