اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ فل کورٹ نے عدالت کے قواعد میں ترامیم کے لئے کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی ۔جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اخترپر مشتمل 3 رکنی کمیٹی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سفارشات کی روشنی میں سپریم کورٹ کے قواعد میں ترامیم کا جائزہ لے کر رپورٹ دیگی ۔فل کورٹ میٹنگ ہفتہ کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوئی جس میں سپریم کورٹ کے ججوں اور رجسٹرار نے شرکت کی ۔اجلاس میں سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور عدالت کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کیا گیا جبکہ زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے مختلف پہلوں پر غور کیا گیا۔فل کورٹ کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 39317 مقدمات زیر سماعت ہیں۔گزشتہ 9ماہ کے دوران16897 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران 19098نئے مقدمات کا اندراج ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر چیف جسٹس نے نئے آنے والے ججوں جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کو خوش آمدیدکہا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کی مطابق فل کورٹ نے عدالت عظمی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور قراردیا کہ بڑی تعداد میں مقدمات کا سپریم کورٹ میں آنا عوام کے ادارے پر اعتماد کا مظہر ہے ۔