لاہور (نامہ نگارخصوصی) سپریم کورٹ نے پنجاب بھر کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالتوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے اور ملزمان کے خلاف برقت چلان عدالتوں میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ اجلاس سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سنگین نوعیت کے کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے ، اجلاس میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کی کارکردگی پر اظہار اطمینان اور پنجاب بھر میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور گواہان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ، لاہور ہائیکورٹ کے سنئیر ترین جج جسٹس قاسم خان، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر ،آئی جیل خانہ جات پنجاب بھر کے آر پی آوز، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے شرکت کی۔